اسلام آباد: سپریم کورٹ کے ججز کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی منفی مہم کی تحقیقات کے لیے وزارت داخلہ کی جانب سے قائم جوائنٹ انکوائری ٹیم کی تحقیقات جاری ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ وقار الدین سید کی سربراہی میں 6 رکنی جوائنٹ انکوائری ٹیم تحقیقات میں مصروف ہے۔ جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی، آئی بی اور پی ٹی اے سے گریڈ 20 کے ایک ایک جبکہ ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس اور ٹیم کی ثواب دید پر ایف آئی اے سے سینیئر آفیسر بھی شامل ہے۔
جے آئی ٹی کو سپریم کورٹ کے ججوں کی ساکھ خراب کرنے کے لیے مہم کے پس پردہ حقائق اور مہم چلانے والوں کا تعین کر کے انکے خلاف قانونی کارروائی کا منڈیٹ حاصل ہے۔ جے آئی ٹی آئندہ کے لیے ایسی مہم کی روک تھام کے لیے تجاویز بھی مرتب کرکے مفصل رپورٹ 15 دن میں وزارت داخلہ کو پیش کرے گی۔