اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی ظہور احمد کو مبینہ طور پر ایک غیر ملک سفیر کو خفیہ دستاویزات فراہم کرنے کے الزام میں مقامی عدالت کی طرف سے دی گئی سزا کو معطل کرتے ہوئے اُن کی رہائی کا حکم دیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے اے ایس آئی ظہور احمد کو جمعرات کے روز مقدمے کی سماعت کے بعد فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس کے اہلکار کے خلاف یہ مقدمہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت 13 دسمبر 2021 میں درج کیا گیا تھا جس کے بعد اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے انھیں تین سال قید کی سزا سنائی تھی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے اے ایس آئی ظہور احمد کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انھیں دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔