لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو واٹر ایمرجنسی لگانے کی تجویز دے دی۔
ذرائع کے مطابق عدالت نے ریمارکس دیے کہ زیر زمین پانی کی سطح کم ہوتی جا رہی ہے، اگر اس سال برف باری نہ ہوئی تو الارمنگ صورتحال پیدا ہو جائے گی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدراک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت مختلف محکموں کی جانب سے رپورٹس جمع کرائی گئیں۔
واسا کے وکیل نے بتایا کہ واٹر میٹر کے حوالے سے کام کر رہے ہیں، پہلے مرحلے میں کمرشل عمارتوں پر واٹر میٹر لگیں گے۔ دوسرے مرحلے میں ڈومیسٹک سطح پر واٹر میٹر لگیں گے۔
ممبر جوڈیشل کمیشن نے بتایا کہ کار شو رومز میں روزانہ سینکڑوں گاڑیاں دھلتی ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کار شو رومز بہت زیادہ پانی استعمال کرتے ہیں انکا ٹیرف بڑھائیں۔ ہم کتنے عرصے سے بول رہے ہیں کہ دس مرلے یا اس سے اوپر کوئی ایسا گھر نہیں بنے گا جس میں واٹر ریسائیکلنگ پلانٹ نہ ہو۔