پنجاب کے کسانوں کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ وزیر خوراک خیبر پختونخوا سے بات ہوئی ہے، میڈیا پر بھی خبریں آرہی ہیں کہ پنجاب نے گندم کی نقل و حمل پر پابندی لگا دی ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ پنجاب میں پہلے سے کسانوں کا ایک بہت بڑا مسئلہ چل رہا ہے، پنجاب کے کسان بہت بری طرح پریشان ہیں، اقدامات سمجھ سے بالاتر ہیں، پنجاب کے کسانوں کی زندگی کا دارومدار گندم، گنے یا کپاس کی فصل پر ہوتا ہے۔تحریک انصاف کے رہنما نے مزید کہا کہ جس طرح ذاتی مفادات اور پیسے بٹورنے کے لیے گندم باہر سے درآمد کی گئی، گندم انکوائری سے ابھی تک کچھ حاصل نہیں ہوا، صرف ڈرامہ رچایا گیا، کیا ریاست کی یہ ذمہ داری ہے کہ عام لوگوں کا معاشی قتل کرکے چند لوگوں کو تحفظ فراہم کرے؟ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب وردیاں بدلنے میں لگی ہے شاید مریم نواز کو کوئی دماغی مسئلہ ہو، وہ اپنے ذاتی بغض اور حسد میں اپنے کسانوں کو نقصان پہنچارہی ہے۔