نارووال میں سرکاری سکیورٹی اسکواڈ کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ڈی پی او کا کہنا ہے کہ نوجوان وزیراعلیٰ پنجاب کے سیکورٹی اسکواڈ کی گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہوا۔
تاہم ایف آئی آر میں وزیراعلیٰ کے اسکواڈ کا ذکر نہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نارووال کے مطابق نوجوان آج صبح نارووال کے علاقے چندووال میں وزیراعلیٰ کے سکیورٹی اسکواڈ کی گاڑی کی مبینہ ٹکر سے جاں بحق ہوا۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کی سکیورٹی کیلئے گاڑیاں کرتارپور جارہی تھیں جب مبینہ طور پر ایلیٹ فورس کی گاڑی اوور ٹیک کرتے ہوئے موٹر سائیکل سے ٹکرائی جس سے نوجوان ابوبکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ اس کا دوست حادثے میں محفوظ رہا۔
ڈی پی او کے مطابق نوجوان کے لواحقین کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر رہے ہیں اور تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
تاہم بعد ازاں درج کرائی گئی ایف آئی آر میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب نواز لیگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعلیI پنجاب مریم نواز کچھ دیر پہلے لاہور سے نارووال کے لیے روانہ ہوئی ہیں جہاں وہ بیساکھی میلے میں شرکت کریں گی۔
جبکہ تحریک انصاف کے سوشل میڈیا نے نارووال میں گاڑی کی ٹکر سے ایک نوجوان کی ہلاکت کا ملبہ مریم نواز کے پروٹوکول پر ڈال دیا ہے