کراچی: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں تمام کھلاڑیوں کا کردار اہم ہوگا۔
کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی میں مفاہمت کی یادداشت کی تقریب کے بعد میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے سی ای او رانا عاطف نے کہا کہ ورلڈکپ میں صرف کپتان بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی کا ہی نہیں بلکہ سب کا کردار اہم ہوگا ۔ پاکستان نے بھارت کو ہرایا تو اس میں شاہین اور حارث روف کا کردار تھا۔ ورلڈکپ میں بھی شاہین اور حارث پاکستان کے لیے اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی پیدائشی کپتان ہیں۔ شاہین نے وہ کام کیا جو ڈی ولیٸرز اور محمد حفیظ نہ کرسکے،شاہین آفریدی نے 18 سال کی عمرمیں لاہور قلندرز کو پی ایس ایل کاچیمپٸن بنایا۔ شاہین آفریدی چاہے کپتان ہو یا کھلاڑی ہمیشہ ملک کے لیے کھیلتا ہے۔ شاہین نے پہلے بھی پاکستان کو میچ جتوائے ہیں آئندہ بھی کامیابی دلوائے گا۔عاطف رانا کا مزید کہنا تھا کہ ہاکی میں کام کرنے کی کوشش کی لیکن بعض وجوہات کی بنا پر اپنا کردار ادا نہیں کر سکے۔ اذلان شاہ انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ قومی کھیل کو استحکام دینے کی ضرورت ہے