پاکستان کے مختلف علاقے اِس وقت ہیٹ ویو کے لپیٹ میں ہیں۔ اس کی وجہ سے جہاں بہت سے مسائل جنم لے رہے ہیں کُچھ ایسی باتیں ہیں جنھیں اس گرم موسم میں ہم انجانے میں نظر انداز کر کے بڑے نقصان کا موجب بن سکتے ہیں۔اسلام آباد کے رہائشی ریحان عالم کے ساتھ بھی گذشتہ دنوں ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا کہ۔ ریحان کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی گاڑی میں آگ بجھانے والا سپرے رکھتے ہیں جو ایک دن گرمی کی شدت کے باعث اچانک پھٹ گیا۔ریحان کا کہنا تھا کہ ’اس واقعے میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا مگر اس کی وجہ سے میری نئی گاڑی کا اندونی حصہ خاصہ متاثر ہوا ہے۔‘ریحان کا کہنا تھا کہ ’میری عادت ہے کہ میں گاڑی میں اگ بجھانے کا چھوٹا آلہ (فائر اسٹنگویشر) رکھتا ہوں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔ تاہم گذشتہ دنوں اچانک پڑنے والی شدید گرمی سے یہ پھٹ گیا۔
اگر آپ سوشل میڈیا پر نظر دوڑائیں تو پاکستان میں بڑھتی گرمی کے ساتھ آپ کو صارفین کی جانب ایسی پوسٹس اور ویڈیوز شیئر ہوتی ہوئی ملیں گی جن میں گاڑی میں موجود سگریٹ لائٹر، باڈی سپرے یا پرفیوم وغیرہ کے پھٹنے کے واقعات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔موسم گرما کے دوران طبی ماہرین عوام کو صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس گرم موسم میں آپ کی گاڑی میں موجود روز مرہ استعمال کی اشیا بھی گرمیوں میں خاصی احتیاط کی متقاضی ہوتی ہیں اور اگر اُن کی طرف توجہ نہ کی جائے تو نقصان ہو سکتا ہے۔سین فرانسیسکو سٹیٹ یونیورسٹی کی ماہرین کے مطابق موسمِ گرما میں دھوپ میں موجود آپ کی گاڑی کے اندر کا درجہ حرارت باہر کے درجہ حرارت سے دو گُنا سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گاڑی کے اندر کے زیادہ اور انتہائی خطرناک درجہ حرارت کی وجہ سے اس میں موجود اشیا خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ ایسے میں ضرورت اس بات کی ہے کہ آپ کو اس بارے میں علم ہو کہ اس گرم موسم میں آپ کو اپنے گاڑی کے اندر کیا رکھنے ہے اور کیا نہیں۔