ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے پاکستانی ٹیم ہوٹل تبدیل کروادیا، قومی ٹیم کو جس ہوٹل میں قیام کرنا تھا وہ اسٹیڈیم سے 90 منٹ دور تھا، تبدیل شدہ ہوٹل اسٹیڈیم سے 5 منٹ کی ڈرائیو پر ہے۔محسن نقوی نے آئی سی سی کو دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہماری ٹیم ٹی20 ورلڈکپ کے کسی بھی میچ کیلئے طویل فاصلہ طے نہیں کرے گی، اگر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی ٹیم کا ہوٹل تبدیل نہ کیا تو پی سی بی اپنے خرچے پر ٹیم کو بہتر اور آسان جگہ پر منتقل کردے گا۔پی سی بی ذرائع کہنا ہے کہ محسن نقوی نے آئی سی سی پر واضح کیا ہے کہ قومی ٹیم ان کی ذمہ داری ہے اور وہ کھلاڑیوں کے آرام کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔
سری لنکا، جنوبی افریقا اور آئرلیںڈ کی ٹیموں نے امریکا میں سفری رکاوٹوں اور انفرا اسٹرکچر کے ناقص نظام پر آئی سی سی کو شکایت درج کرواتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی ریاست فلوریڈا سے نیویارک سفر کے دوران سری لنکا اور آئرش ٹیم کے کھلاڑیوں کی چارٹر فلائٹ 7 گھنٹے تاخیر سے پہنچی جس پر انہیں کوئی اَپ ڈیٹ فراہم نہیں کی گئی۔
دوسری جانب سری لنکن ٹیم کے کپتان وینندو ہسرنگا اور کھلاڑی مہیش تھیکشنا نے جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں شکست کے بعد پریزنٹیشن میں ٹی20 ورلڈکپ شیڈول کو غیر منصفانہ قرار دیا تھا۔