مجموعی طور پر 14 لاکھ 67 ہزار 921 روپے کی رقم سواریوں کو واپس کی گئی، کرائے کی مد میں ناجائز طور پر وصول کردہ رقم واپس ملنے پر مسافروں نے خوشگوار حیرت کی۔مسافروں نے حیرانی اور پریشانی میں سوال کیا کہ پیسے کیوں واپس کر رہے ہیں؟ جس پر ڈپٹی کمشنرز اور پولیس عملے نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر اتنا ہی کرایہ دینا ہے جتنا حکومت نے مقرر کیا ہے۔
سرکاری ریٹ سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو 27 لاکھ 84 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔گرینڈ آپریشن کے پہلے دن 3 ہزار 220 گاڑیوں میں ریٹ چیک کیے گئے، خلاف ورزی پر 1448 گاڑیوں کے چالان اور 354 گاڑیاں بند کر دی گئیں جبکہ مقررہ نرخ سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف 9 مقدمات بھی درج کیے گئے۔رقم واپس ملنے پر کئی بزرگ خواتین نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو دعائیں دیں۔اٹک، راولپنڈی، مری، چکوال، جہلم، گوجرانولہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاوالدین، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، چنیوٹ، فیصل آباد میں ڈپٹی کمشنرز کی قیادت میں جانچ پڑتال کی گئی۔ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، قصور، ڈی جی خان، لیہ، بہاولپور، مظفرگڑھ، راجن پور میں بھی مختلف ٹرانسپورٹ اڈوں اور روٹس پر چیکنگ کی گئی۔