اورنگی ٹاؤن مومن آباد سے بنارس پٹھان کالونی کے رہائشی 2 نوجوانوں جواد اورعبدالخالق کو3 موٹر سائیکلوں اورایک پولیس موبائل میں سوارسادہ لباس پولیس اہلکاروں نے اغوا کیا اور نوجوانوں کو اغوا کرکے گلبرگ تھانے میں رکھا گیا جہاں انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔نوجوانوں کی رہائی کے لیے 5 لاکھ روپےتاوان طلب کیا گیا تھا اور مغوی نوجوان کو 3 لاکھ روپے تاوان وصول کرکے رہا کردیا گیا، مغوی نوجوان جواد فرسٹ ایئر کا طالب علم ہے جبکہ عبدالخالق پرچون کا کیبن چلاتا ہے۔
مبینہ تشدد سے عبدالخالق کو پاؤں کے تلوے اور ایڑھی پر چوٹیں آئی ہیں، متاثر نوجوان جواد کے والد شجاعت نے بتایا کہ ان کے بیٹے اوراس کے دوست کو 15 مئی کوسائٹ اے کے علاقے باوانی چالی سےمومن آباد پولیس کے اہلکاروں ںے اپنے آپ کوڈی آئی جی ویسٹ کی اسپیشل ٹیم ظاہر کرکے اغوا کیا تھا اوربعدازاں انہیں گلبرگ پولیس کے حوالے کردیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کا بیٹا اوراس کا دوست چوری کے موبائل فون کی خرید و فروخت میں ملوث ہیں، بعدازاں گلبرگ پولیس نے تاوان وصول کرکے دونوں نوجوانوں کورہا کردیا۔