کراچی میں ناظم آباد نمبر 4 پر ڈاکو رکشہ ڈرائیور کا بھیس بدل کر واردات کرنے لگے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ ان کی بہن کی اس مہینے کے آخر میں شادی ہے اور جہیز کا سامان خریدنے کے لیے ان کی والدہ اور خالہ لیاقت آباد گئی تھیں۔ وہاں سے سامان خرید کر اورنگی ٹاؤن منتقل کیا جانا تھا۔
متاثرہ شخص بلال کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ نے برتن اور دیگر سامان خریدے تھے، جو رکشے میں لوڈ کر کے ناظم آباد 4 نمبر پہنچے تھے۔
مگر اچانک رکشے والے نے ان کی والدہ اور خالہ کو زبردستی اُتار دیا اور پورا سامان لے کر فرار ہوگیا۔
واقعے کے بعد متاثرہ افراد نے ناظم آباد کے پولیس تھانے میں رپورٹ درج کروائی، جہاں انہیں کچی پرچی دے دی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ رکشے والے کا لباس شلوار قمیص میں تھا اور وہ سی سی ٹی وی کیمرے سے بچنے کی کوشش کرتا رہا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رکشہ ڈرائیور بظاہر منصوبہ بندی کے تحت مارکیٹ میں موجود تھا اور پھر وہ سامان لوٹ کر فرار ہو گیا۔
متاثرہ افراد نے اپیل کی ہے کہ رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کیا جائے اور سامان کی برآمدگی کی جائے۔